بیروت (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے القدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت قرار دے کر امریکا کا اصل مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
حماس رہنما نے کہا کہ امریکی صدر کے اقدام کا جواب فلسطینی تحریک آزادی میں شدت لانا اور مزاحمت کے تمام اسلوب اختیار کرنا ہے۔ فلسطینیوں میں وحدت اور قومی یکجہتی کے ذریعے ٹرمپ اور صیہونیوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ حماس نے قومی مصالحت اور یکجہتی کو اپنی تزویراتی حکمت عملی بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین پر صیہونیوں کا غاصبانہ قبضہ صرف مسلح مزاحمت سے ختم کیا جاسکتا ہے۔ ہم فلسطینی تحریک مزاحمت کے بارے میں کوئی بری بات نہیں سن سکتے۔ فلسطینی قوم کے پاس مزاحمت کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔