You are here: فلسطین فلسطین میں صیہونی آباد کاری کا معاملہ عالمی عدالت میں اٹھانے کا فیصلہ
 
 

فلسطین میں صیہونی آباد کاری کا معاملہ عالمی عدالت میں اٹھانے کا فیصلہ

E-mail Print PDF

0Pala5851رام اللہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی نے باضابطہ طور پر فلسطین میں صیہونی آباد کاری اور توسیع پسندی کا معاملہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کیا ہے۔

فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رام اللہ میں تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں تنظیم کے سیکرٹری صائب عریقات نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے فلسطین میں صیہونی آباد کاری کے حوالے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ اتھارٹی نے فلسطینی ریاست کی بین الااقوامی ایجنسیوں اور اداروں میں شمولیت کے فیصلے کی بھی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین نیشنل کونسل کے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے پی ایل او کی ایگزیکٹو اور مرکزی کمیٹیوں کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو صیہونی ریاست اور فلسطینیوں کے درمیان تعلقات اور روابط کی حدود کا تعین کرے گی۔

خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 60 فلسطینی شہید اور تین ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔ گذشتہ روز فلسطینیوں کے قتل عام کے ساتھ ساتھ امریکا نے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کر دیا ہے۔